صدارتی دوڑ سے دستبرداری کے فیصلے پر اوباما بائیڈن کے معترف
واشنگٹن : سابق امریکی صدر بارک اوباما نے صدر بائیڈن کے صدارتی انتخابات کی دوڑ سے دستبرار ہونے کے فیصلے کی تعریف کردی ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بیان میں سابق امریکی صدر بارک اوباما نے صدر جو بائیڈن کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہیں اعلیٰ ترین محب وطن قرار دیا۔ان کاکہنا تھا کہ بائیڈن کبھی لڑائی سے پیچھے نہیں ہٹے تاہم، انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا انھوں نے بائیڈن کے نائب صدر کملا ہیرس کو ڈیموکریٹک امیدوار کے طور پر توثیق کرنے کے فیصلے کی حمایت کی ہے یا نہیں ۔اوباما نے 2009 سے 2017 تک نائب صدر کے طور پر خدمات انجام دینے والے 81 سالہ بائیڈن کو امریکہ کے لیے اہم صدور میں سے ایک قرار دیا ۔اوباما نے کہا کہ مجھے اعتماد ہے کہ ہماری پارٹی کے رہنما ایک ایسا عمل تشکیل دینے میں کامیاب ہوں گے جس سے ایک شاندار نامزد امیدوار سامنے آئے۔دوسری جانب برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے کہا کہ امریکی صدر بائیڈن کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، یوکرین کے صدر نے کہا کہ بائیڈن نے مشکل مگر ٹھوس فیصلہ کیا۔