ٹرمپ نے گرفتاری کی صورت میں شدید عوامی ردعمل سے خبردار کردیا
واشنگٹن : سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نیویارک کی جیوری کے ذریعے اپنی تاریخی سزا کے بعد گھر یا جیل میں قید کو قبول کریں گے لیکن عوام کے لیے اسے قبول کرنا مشکل ہوگا۔امریکی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گرفتاری کی صورت میں سخت عوامی ردعمل کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک خاص موڑ آنے پر ایک بریکنگ پوائنٹ ہوتا ہے۔سابق امریکی صدر نے کہا کہ وہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اپنا بدلہ لیں گے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز سے جنسی تعلق چھپانے کے مقدمے میں جیوری نے تمام 34 الزامات میں قصور وار قرار دیا ہے۔نیویارک کی عدالت کے جج سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف 11 جولائی کو فیصلہ سنائیں گے۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2020 کے انتخابات میں نتائج بدلنے کی کوشش سے متعلق جارجیا کیس سمیت مزید تین کرمنل مقدمات اور فلوریڈا میں خفیہ دستاویزات سے متعلق مقدمے کا بھی سامنا ہے۔