صیہونی ریاست امریکا کی مدد سے گریٹر اسرائیل منصوبے کو آگے بڑھا رہی ہے؛ حزب اللہ

حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اسرائیل خطے میں اپنے توسیع پسندانہ عزائم کو عملی جامہ پہنانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے لیے امریکا اس کی مدد کر رہا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے کہا کہ وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت نام نہاد “گریٹر اسرائیل” منصوبے پر عملدرآمد کی کوشش کر رہی ہے۔حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے، غزہ اور پڑوسی ممالک جیسے اردن، لبنان، شام اور مصر کے بعض حصوں کو گریٹر اسرائیل میں شامل کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔نعیم قاسم نے شکوہ کیا کہ سفارتی کوششیں اب تک کوئی مؤثر نتائج نہیں دے سکیں۔ حزب اللہ کے جنگجو اس وقت خطے میں ناجائز قبضے کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ اسرائیل مسلسل لبنان پر حملے کر رہا ہے اور جنوبی علاقوں میں پیش قدمی کر رہا ہے جس کے لیے صیہونی ریاست کو امریکا کی مکمل حمایت حاصل ہے۔



