غزہ میں امداد کے منتظر افراد پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ، 19 فلسطینی شہید
بیت المقدس: غزہ میں امداد کے منتظر فسلطینیوں پر اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے 19 افراد کو شہید کردیا اور 100 سے زائد اسرائیلی آباد کاروں نے یہودیوں کا مذہبی دن منانے کے لیے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں توڑ پھوڑ کی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت اور میڈیا آفس نے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 19 فلسطینی شہید ہوگئے جو امداد کے انتظار میں کھڑے تھے۔غزہ کے میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی قابض فورسز نے قتل عام کرتے ہوئے 19 شہریوں کو شہید اور 23 کو زخمی کردیا جبکہ الکویت مرکز کے قریب ہزاروں شہری آٹا اور امداد کے لیے انتظار میں کھڑے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج اور ٹینکوں نے مشین گنوں سے بھوک سے نڈھال شہریوں پر فائرنگ کی جو قابض فوج کے خطرے سے دور ایک جگہ پر آٹا اور امداد کا انتظار کر رہے تھے۔غزہ کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد باسل نے کہا کہ شہریوں بھی شدید فائرنگ کی گئی اور زخمیوں کو قریب واقع الاہلی عرب ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب غزہ کا صحت کا نظام مکمل طور پر تباہ ہونے کے قریب ہے جہاں کئی زخمیوں کو عمارت سے باہر کھلے آسمان تلے طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔