Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

حکومتی اقدامات سے پنجاب میں فضائی آلودگی میں 33 فیصد، مقامی آلودگی میں 60 فیصد کمی آئی، مریم اورنگزیب

لاہور (آصف اقبال ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے سموگ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ پر مبنی مؤثر نظام قائم کیا ہے، جس کے نتیجے میں صوبے میں فضائی آلودگی میں 33 فیصد جبکہ مقامی آلودگی میں 60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سینئر صحافیوں کو "کلائمیٹ واچ” اور سموگ میٹیگیشن حکمت عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سموگ کو صرف موسمی مسئلہ سمجھا جاتا تھا، تاہم موجودہ حکومت نے اسے سال بھر جاری رہنے والا ماحولیاتی چیلنج قرار دے کر مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق ناسا کے سیٹلائٹ ڈیٹا نے بھی پنجاب میں فضائی معیار میں بہتری کی تصدیق کی ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ محکمہ ماحولیات کی تنظیمِ نو کے بعد ایک ہزار اہلکاروں پر مشتمل انوائرمنٹل پروٹیکشن فورس قائم کی گئی ہے، جبکہ سموگ وار روم، ڈیجیٹل انفورسمنٹ سسٹم اور لائیو ڈیش بورڈ کے ذریعے ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ پنجاب بھر میں 13 ہزار سے زائد صنعتی یونٹس اور چمنیوں کو کیو آر کوڈز کے ذریعے ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا گیا ہے، فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام کے لیے 7 ہزار 200 سپر سیڈرز کام کر رہے ہیں جن کی تعداد بڑھا کر 15 ہزار کی جائے گی، جبکہ حکومت ان مشینوں پر 60 فیصد سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔سینئر صوبائی وزیر کے مطابق صوبے میں 1500 الیکٹرک گرین بسیں چل رہی ہیں، 5 کروڑ 20 لاکھ سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں اور 6 لاکھ ایکڑ سے زیادہ رقبے پر شجرکاری کی گئی ہے۔ پہلی کلائمیٹ آبزرویٹری بھی قائم کی جا رہی ہے جبکہ "اے کیو آئی پنجاب” موبائل ایپ کے ذریعے شہری فضائی معیار اور موسمی پیش گوئی سے آگاہ ہو سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سموگ سیزن کے دوران سکول بند کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئی جبکہ سانس کی بیماریوں کے باعث ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی تعداد میں تقریباً 14 لاکھ کمی ریکارڈ کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 محکمے مشترکہ طور پر سموگ کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں اور حکومت ماحولیاتی تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے مؤثر اور پائیدار اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button