قائد محمد نواز شریف اور حیدر علیئیف کی دیرینہ دوستی کا تسلسل؛ باکو میں مریم نواز شریف کا شاندار سفارتی استقبال

لاہور (آصف اقبال) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستانی وفد کے ہمراہ باکو پہنچ گئیں جہاں ان کا پرتپاک سفارتی استقبال کیا گیا۔ باکو ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے نائب وزیر برائے دفاعی صنعت مہمان بوکسی سوف نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور پاکستانی وفد کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف اور آذربائیجان میں پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اس دورے کے دوران حکومتِ آذربائیجان کی خصوصی سرکاری مہمان ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، اسٹریٹجک شراکت داری، تجارت، سرمایہ کاری، شہری ترقی، ہاؤسنگ، سفارتی و دفاعی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ تعلقات کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صدر الہام علیئیف کو محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا سلام پہنچایا، جس پر صدر الہام علیئیف نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنا سلام بھی پاکستانی قیادت تک پہنچانے کی درخواست کی۔
صدر الہام علیئیف نے جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علیئیف اور محمد نواز شریف کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو یاد کیا اور کہا کہ پاکستان، آذربائیجان اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی تعاون خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات میں اقوام متحدہ کے ورلڈ اربن فورم کے 13ویں اجلاس کے شاندار انتظامات کو بھی سراہا گیا جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عالمی فورم میں شرکت کی دعوت پر صدر الہام علیئیف کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ باکو ثقافت، تاریخ اور جدید اربن پلاننگ کا حسین امتزاج ہے جس نے انہیں بے حد متاثر کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک پوزیشن خطے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے انتہائی اہم ہے جبکہ پاکستان مسلم اُمہ کی واحد ایٹمی قوت ہونے کے باعث عالمی سطح پر غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایران امریکہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن، تدبر اور مذاکرات کے ذریعے ایک ذمہ دار ثالث کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کی مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان خطے میں امن اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔
ملاقات کے دوران آذربائیجان کے “آسان خدمت” (ASAN Khidmet) ماڈل کی طرز پر پاکستان میں قائم سہولت مراکز کے امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی جبکہ ورلڈ لیڈرز سمٹ سے خطاب بھی کریں گی۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کے فلاحی منصوبے “اپنی چھت، اپنا گھر” کو عالمی فورم پر پیش کیا جائے گا تاکہ کم لاگت رہائشی منصوبوں کے حوالے سے پنجاب کے ماڈل کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔
باکو میں اپنی مصروفیات کے آغاز پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جدید آذربائیجان کے بانی حیدر علیئیف کے مزار پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں انہوں نے یادگارِ کوچۂ شہداء پر بھی حاضری دی اور آذربائیجان کے قومی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعلیٰ کے ہمراہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین، وزیر کھیل فیصل ایوب، وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی اور معاونِ خصوصی علی ڈار بھی وفد میں شامل



