بین الاقوامی
Trending

صدر ٹرمپ نے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کر دئیے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق اپنے بگ بیوٹی فل بل پر دستخط کردیے۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے سینیٹ اور ایوان نمائندان سے منظور ہونے والے ٹیکس اور اخراجات سے متعلق بگ بیوٹی فل بل پر دستخط جمعہ کی دوپہر وائٹ ہاؤس میں یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر کیے۔بل کے منظور ہونے کے ساتھ ہی ٹرمپ ایجنڈے کے اہم نکات جیسے کہ ٹیکس میں کمی، دفاعی اخراجات میں اضافہ اور امیگریشن پر سخت اقدامات اب قانون کا حصہ بن چکے ہیں۔صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں فوجی خاندانوں کے ساتھ پکنک کے بعد گفتگو میں بل پاس ہونے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی اسٹاک مارکیٹ آج بلندترین سطح پر ہے، امریکا کو عظیم ترین بنائیں گے۔ٹرمپ نے کہاکہ امریکی فضائیہ نے چند روز قبل کامیاب آپریشن کیا ۔ ہم نے امریکا کی طاقت کو بحال کیا، بائیڈن دور میں 21ملین افراد غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے، اب ہمارے بارڈرز پہلے سےزیادہ محفوظ ہیں۔واضح رہے کہ امریکی سینیٹ کے بعد گزشتہ روز ایوان نمائندگان نے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹیکس اور اخراجات کا بل پاس کیا تھا۔ بل کے حق میں 218 اور مخالفت میں 214 ووٹ پڑے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس بل کی منظوری کے ساتھ ہی ٹرمپ کی کئی اہم داخلی پالیسیوں کو قانون کا درجہ مل جائے گا جبکہ اس سے ملکی قرض میں مزید 3.3 ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوگا۔اس قانون کے تحت ٹرمپ کی جانب سے 2017 میں دی گئی ٹیکس کٹوتیوں میں توسیع کی جائے گی، ٹِپس اور اوورٹائم آمدن پر نئے ٹیکس ریلیف دیے جائیں گے۔اس کے علاوہ فوجی اخراجات اور امیگریشن اداروں کے بجٹ میں اضافہ ہوگا جبکہ غریب افراد کے لیے صحت اور خوراک کی اسکیموں میں کٹوتی کی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button