
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمیں خطے کو شرپسندوں سے پاک کرنا ہوگا۔ریاض میں خلیجی تعاون تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک نے ہمیشہ امن کیلئے کام کیا، ہمیں خطے کو شرپسندوں سے پاک کرنا ہوگا، جی سی سی میں موجود رہنما تنازع حل کرنے کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ غزہ کے مستقبل کیلئے میری انتظامیہ کام کر رہی ہے، ایک نئی شروعات کیلئے شام پر سے پابندیاں اٹھا لی گئی ہیں، شام کی نئی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہوں، ایران جوہری ہتھیارحاصل نہیں کر سکتا، جو ممکن ہوسکا کروں گا، تجارت میری حکومت کی ترجیح ہے، امریکا مشرق وسطیٰ میں امن کی خواہش رکھتا ہے۔امریکی صدر نے کہا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی غزہ میں امن کی بنیادی شرط ہے، حوثیوں نے ہمارے جہازوں سے حملے بند کیے، خطے میں کشیدگی پھیلانے والے چھوٹے گروپوں سے نمٹنا ہو گا۔قبل ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے امن کیلئے امریکی صدر کی کوششیں قابل تعریف ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیرمقدم کرتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کا خیر مقدم کریں گے۔سعودی ولی عہد نے مزید کہا ہے کہ جی سی سی خطے میں امن کے خواہاں ہیں، غزہ میں جنگ بندی پر زور دیتے ہیں، جی سی سی ممالک اور امریکا کے درمیان تعلق مضبوط ہو رہا ہے۔