صیہونی فوج کی بمباری سے مزید 120 فلسطینی شہید، حماس نے اسرائیل کو خبردار کردیا

اسرائیل نے اپنی جارحیت برقرار رکھتے ہوئے بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کرکے خواتین اور بچوں سمیت 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔اسرائیلی فوج نے غزہ کے پناہ گزین اسکولوں، بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 120 فلسطینی شہید ہوگئے۔اس کے علاوہ اسرائیل نے جنوبی غزہ کے علاقوں سے مزید جبری بے دخلی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدہ توڑنے کے بعد سے دو ہفتوں میں 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ فلسطینی دوبارہ دربدر ہو چکے ہیں۔ادھر حماس نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت یرغمالیوں کے لیے انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ ایک روزقبل غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جس میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 112 افراد شہید ہو چکے ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے تصدیق کی کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں دار الارقم اسکول پر حملہ کیا جس میں بچوں اور خواتین سمیت 33 فلسطینی پناہ گزین شہید ہوگئے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک کم از کم 50 ہزار 523 فلسطینی شہید اورایک لاکھ 14 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔فسلطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک بیان جاری کیا جس میں غزہ میں دار الارقم اسکول پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے بڑے علاقے پر قبضہ کر کے رفح اور خان یونس کے علاقوں کو جدا کرکے موراج کوریڈور کا نام دے دیا۔