پوشیدہ خزانے!
سیاسی بحث
پھنسی ہے قوم گرداب ِبلا میں
اب اس بحران میں پھیلائو کب تک؟
دبائو ، دھمکیاں، تکرار کیس
سیاسی بحث میں گھیرائو کب تک؟
قدرت نے پاکستان کو بہت سے نعمتوں سے نوازا ہے۔ مشرق و مغرب کے درمیان مناسب محل وقوع ( اسی لئے مغرب سے مشرق کی طرف جانے والی متعدد سفری پروازیں کراچی ٹھہرتی تھیں)۔ معتدل آب و ہوا، سمندر، پہاڑ، ریگستان، زرخیز زمین جس میں طرح طرح کے اناج اور پھل کاشت کئے جاتے ہیں اور جا سکتے ہیں۔ ایک زمانے میں کیلا پاکستان میں بنگلہ دیش سے آتا تھا اب خود سندھ اس کا مرکز ہے۔ ہمارے یہاں کے آموں کی دھوم دنیا بھر میں مچی ہوئی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ قدرت نے ہماری زمین کو طرح طرح کی معدنیات سے نوازا ہے۔ ہم سندھ اور بلوچستان میں کانوں سے کوئلہ نکال رہے ہیں۔ کھیوڑے کی زمین اپنے اندر نمک کا خزانہ چھپائے ہوئے ہے۔ بلوچستان ہمیں آنکس ONYXپتھر فراہم کرتا ہے۔ طرح طرح کے قیمتی موتی قدرت نے ہماری زمینوں میں چھپا رکھے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان کی زمین تانبا، پیتل، سونا، پٹرول وغیرہ کے خزانے بھی اپنے اندر چھپائے ہوئے ہے۔ برسوں سے سوئی کے مقام سے گیس نکل رہی ہے جو پاکستان کے لئے قدرت کا ایک حسین اور قیمتی تحفہ ہے۔ بدقسمتی یہ ہے کہ زمین کے دامن سے جو معدنیات نکالی جاتی ہیں ان پر ان زمینوں کے باسیوں کا حق تسلیم نہیں کیا جاتا۔ ان ذخائر سے فائدہ اٹھانے والوں میں یا تو حکومت ہے یا پھر علاقے کے خان، ملک وڈیرے،جاگیردار اور سرمایہ دار ہیں۔ عوام کا کام تو صرف جان ہتھیلی پر رکھ کر زمین کی تہہ سے معدنیات نکالنا ہے۔ چند حکومتوں نے باہری ملکوں سے معدنیات کے ذخائر نکالنے کے لئے معاہدے بھی کئے لیکن بوجوہ یہ معاہدے پورے نہ ہو سکے اور حکومتوںکو کروڑوں اور اربوں روپے کا ’’تاوان‘‘ ادا کرنا پڑا۔ پاکستان کے کئی بند بجلی پیداکررہے ہیں۔ اگر کالا باغ کے مقام پر ایک اور بند تعمیر ہو جاتا تو اب تک پاکستان بجلی کے معاملے میں خود کفیل ہو جاتا اور فی الوقت نجی کمپنیز کو جو اربوں روپے ادا کئے جارہے ہیں وہ بچ جاتے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ اس نے پاکستان کو اندھیروں سے نجات دی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ نجی کمپنیاں پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہیں اور مسلم لیگ ن کی حکومت نے ان کمپنیز سے ایسے معاہدے کئے ہیں جن کی رو سے پاکستان بجلی بنائے یا نہ بنائے اس کمپنی کو ادائیگی کرنی پڑے گی۔ ان آئی پی پیز نے پاکستان کو دیوالیہ کی حد تک پہنچا دیا ہے۔ غضب یہ ہے کہ ان کمپنیز کا بجلی کی ترسیل کا نظام بھی نہایت بوسیدہ، ناکارہ اور نامکمل ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو نہ کافی بجلی ملتی ہے نہ عوام تک یہ بجلی پہنچتی ہے۔ پاکستان کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ IMFکی چوکھٹ پر لیجانے میں جو عوامل کارفرما ہیں ان میں بنیادی طور پر یہی بجلی یا توانائی ہے۔ کاش ہم نے کالا باغ ڈیم بنا لیا ہوتا تو شاید حالات مختلف ہوتے۔ اب کالا باغ کے مقام پر کروڑوں اربوں روپے کی مشینیں پڑی زنگ آلود ہورہی ہیں اور کوئی حکومت ان کے استعمال کا بیڑا نہیں اٹھاتی اس بند کی تعمیر بھی سیاست کی نذر ہو گئی جس حکومت نے بھی یہ بند بنانے کی کوشش کی اس کی مخالفت میں صد ہا زمین دار کھڑے ہو گئے۔ کاش ہم سب قومی مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینے کی صلاحیت رکھتے۔ یہ حقیقت ہے کہ بعض اوقات موسم کی ستم ظریفی، زلزلوں اور سیلابوں کی صورت میں بڑے بڑے مسائل پیدا کرتی ہے لیکن زندہ قومیں ان مسائل سے ہمت، یکجہتی اور اتفاق سے نپٹی ہیں۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارے یہاں لفظ دیانت صرف کتابوں اور زبانوں پر نظر آتا ہے۔ سب سے بڑے زلزلے اور تباہ کن سیلاب کی مد میں دنیا بھر نے ہمیں جو امداد ای آج تک حکومتیں عوام کو یہ نہیں بتا سکیں کہ وہ امداد کب کیسے اور کتنی اور کہاں کہاں خرچ ہوئی۔ قدرت آج بھی ہم پر مہربان ہے اور ہمہ وقت اپنی نعمتوں سے نواز رہی ہے۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم قدرت کی ان نوازشات سے فائدہ نہیں اٹھاتے ۔ہم جو شکر بناتے ہیں کہ دوسرے ممالک کو برآمد کر دیتے ہیں اور پھر مہنگے داموں دوسرے ممالک سے شکر درآمد کر لیتے ہیں۔ ہم وافر مقدار میں گندم پیدا کرتے ہیں اور بیرون ملک فروخت کر دیتے ہیں پھر بہت مہنگے داموں دوسرے ممالک سے گندم خرید لیتے ہیں پتہ نہیں کب ہماری حکومتوں اور سرمایہ داروں کی یہ ’’نیرنگیاں‘‘ ختم ہونگی اور پاکستان زمین میں پوشیدہ خزانوں تک رسائی حاصل کر سکے گا۔