پی ایس ایل 5: کھلاڑیوں کے واجبات تاحال ادا نہ ہوسکے

275

لاہور: پاکستان سپرلیگ فائیو کے ملتوی ہونے کے ڈھائی ماہ بعد بھی اسکوررز اور کھلاڑیوں کے واجبات ادا نہ ہوسکے، انتظامیہ ادائیگی کے طریقہ کار پر غور کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پی ایس ایل 5 کے ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کے 25 فی صد واجبات ادا نہیں کیے گئے، جبکہ اسکوررز بھی اپنی اجرت سے محروم ہیں، مقامی میچ آفیشلز لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں، میچ آفیشلز میں 16 اسکورر، 10 امپائر اور 3میچ ریفریز شامل تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ آفیشلز نے مختلف تعداد میں میچ سپر وائز کیے، میچ آفیشلز اور کھلاڑیوں کو ایک طریقہ کار کے مطابق ادائیگی ہوتی ہے، لیگ غیر فطری طور پر ملتوی ہوئی اس لیے ادائیگیوں میں تاخیر ہوئی۔

ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ میچ سپر وائز کرنے والے امپائرز اور میچ ریفریز کو ادائیگی کردی ہے، دفاتر کھلنے کے بعد چند روز میں واجبات ادائیگی کا طریقہ طے کیا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں کے 25فی صد واجبات کی ادائیگی کاطریقہ طے کیا جارہا ہے، طریقہ کار طے ہونے کے بعد ادائیگیوں کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔