واشنگٹن: کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس عالمی سطح پر ہلاک ہونے والے 99 صحافیوں میں سے 72 فلسطینی تھے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ برس اکتوبر سے شروع ہونے والی حماس اسرائیل جنگ کی کوریج کے دوران ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد نے دہائی کا ریکارڈ توڑ دیا۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2023 میں دنیا بھر میں مختلف واقعات میں 99 صحافی ہلاک ہوئے جن میں میں سے 77 سال کے آخری تین ماہ میں غزہ میں قتل کیے گئے۔سی پی جے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے اسرائیل-غزہ جنگ کے پہلے تین مہینوں (اکتوبر سے دسمبر 2023) میں اتنے صحافی مارے گئے جتنے پورے سال کے دوران ہلاک ہوئے گئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر سال 2023 کے آخری 3 ماہ میں غزہ میں صحافیوں کی اتنی ہلاکتیں نہ ہوتیں تو عالمی سطح پر رپورٹرز کی ہلاکتوں میں سال بہ سال کمی دیکھی جاتی۔سی پی جے کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر گزشتہ برس غزہ میں 77 صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران مارے گئے جن میں 72 فلسطینی، 3 لبنانی اور 2 اسرائیلی شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ اس اعداد و شمار کے تحت دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے صحافیوں کا تقریباً 75 فیصد فلسطینی تھے۔ 2023 میں 99 رپورٹرز کی ہلاکت 2015 کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے اور 2022 کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
0