غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی 369ویں روز بھی جاری ہے اور ہلال احمر کے اسکول پر اسرائیلی فضائیہ کے تازہ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں تینوں ہسپتال خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے مریضوں کی زندگیوں کو خطرے سے دوچار کردیا ہے۔اسرائیلی فضائیہ نے شمالی غزہ کے شہر دیر البلاح میں قائم ہلال احمر کے اسکول کو نشانہ بنایا جہاں خواتین اور بچوں سمیت بے گھر افراد کی بڑی تعداد پناہ گزین تھی۔امریکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ اسکول میں دہشت گردوں کا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم تھا جسے بالکل ٹھیک نشانہ بنایا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دہشت گرد تنظیم حماس کیخلاف ایک اور ثبوت ہے کہ وہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی املاک کا منظم طور پر غلط استعمال کررہی ہے۔ دوسری جانب حماس نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔اسرائیلی کا دعویٰ ہے کہ اس کارروائی کا مقصد حماس کو دوبارہ یکجا ہونے سے روکنا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایسے علاقے سے انخلا کا حکم دیا ہے جہاں 4 لاکھ بے گھر افراد پھنسے ہوئے ہیں۔طبی عملے کا کہنا ہے کہ اسکول پر اسرائیلی حملے میں 54 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ کے علاقہ جبالیہ میں 6 روز سے جاری اسرائیلی حملوں کے دوران کم ازکم 130 افراد شہید ہوچکے ہیں۔طبی عملے کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے بدھ کو انڈونیشیا، العودا اور کمال ادوان ہسپتالوں کو خالی کرنے کے لیے مریضوں کو 24 گھنٹے کی مہلت دی تھی جس کے باعث انہیں جنگ کے آغاز پر غزہ سٹی کے الشفا ہسپتال کے انجام سے دوچار ہونے کا خدشہ ہے۔
0