0

آرمینیا کا فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان

یریوان: یوریشیائی ملک آرمینیا نے اسرائیلی کی بھرپور مخالفت کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرلیا۔آرمینیا کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک نے فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک ریاست تسلیم کرلیا۔آرمینیا کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں حماس کے ساتھ اسرائیل کی فوری جنگ بندی سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین اسرائیل تنازع کے دو ریاستی حل کے حق میں ہیں۔یاد رہے کہ مغربی ممالک اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے حال ہی میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا تھا جس کے بعد دیگر یورپی ممالک نے یہی اقدام اُٹھایا ہے جن میں اب آرمینیا بھی شامل ہوگیا۔صیہونی ریاست کے دفتر خارجہ نے اسرائیل میں آرمینیا کے سفیر کو طلب کر کے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے فیصلے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور احتجاج ریکارڈ کروایا۔دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کی حکمراں جماعت پی ایل او نے آرمینیا کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آرمینیا کا یہ اقدام تنازع کے دو ریاستی حل کی جانب مثبت پیشرفت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں