امریکا اور ایران کے مابین سفارتی تعلقات نا ہونے کے باوجود ایران نے عمان میں امریکا کے ساتھ بالواسطہ بات چیت کی تصدیق کردی۔رپورٹ کے مطابق واشنگٹن اور تہران طویل عرصے سے ایران کے متنازع جوہری پروگرام اور اپنے اپنے اتحادیوں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری غزہ تنازع کی وجہ سے شدید اختلافات کا شکار ہیں۔امریکی اور ایرانی حکام نے علاقائی حملوں میں اضافے سے بچنے کے لیے عمان میں بالواسطہ گفتگو کی ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے ہفتہ کو کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے عمان میں ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی تصدیق کردی۔ارنا نے مذاکرات کا وقت اور جگہ بتائے بغیر حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس طرح کے مذاکرات پہلی دفعہ نہیں ہوئے اور نا ہی یہ آخری ہوں گے۔واضح رہے کہ یہ مذاکرات 13-14 اپریل کو دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد سامنے آئے۔یاد رہے کہ یکم اپریل کو اسرائیل کی جانب سے شام میں ایرانی قونصل خانے پر میزائل حملے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 7 افراد شہید ہوگئے تھے۔
0