سندیپ مہیشوری نے 14 سال بعد یوٹیوب سے وقفہ لینے کی وجہ بتا دی

بھارت کے معروف موٹیویشنل اسپیکر اور یوٹیوبر سندیپ مہیشوری نے گزشتہ چھ ماہ سے ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے کی وجہ واضح کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور نہ ہی انہوں نے مالی مسائل کے باعث یوٹیوب سے دوری اختیار کی ہے۔سندیپ مہیشوری نے فیس بک پر جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ سے ان کی نئی ویڈیوز سامنے نہ آنے پر متعدد افراد نے تشویش کا اظہار کیا، جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔ ان کی سوشل میڈیا سے غیر موجودگی کے دوران مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم اب انہوں نے ان کی وضاحت کردی ہے۔ان کے مطابق ان کی صحت اچھی ہے اور اہل خانہ بھی خیریت سے ہیں۔ ان کی اہلیہ، دونوں بچے اور پالتو بلیاں منی اور مکی بھی بالکل ٹھیک ہیں۔ سندیپ مہیشوری کے یوٹیوب چینل پر 2 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز جبکہ فیس بک پر ڈیڑھ کروڑ فالوورز موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کے بارے میں سب سے زیادہ یہ قیاس آرائی کی گئی کہ مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے باعث ان کے کاروبار ’امیجز بازار‘ کو نقصان پہنچا اور اسی وجہ سے انہوں نے ویڈیوز بنانا بند کردیں۔ سندیپ نے تسلیم کیا کہ اے آئی کی آمد سے کاروبار پر کچھ اثر ضرور پڑا، لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کاروباری حکمت عملی اور مارکیٹ میں اپنی پوزیشننگ تبدیل کی، جس کے ذریعے اس صورتحال سے کامیابی کے ساتھ نمٹا گیا۔








