Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
ہفتہ وار کالمز

جینسن ہوانگ کا عروج و زوال!

مصنوعی ذہانت گذشتہ دو برسوں سے عالمی میڈیا کی سب سے بڑی خبر ہے۔ بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ ہم مصنوعی ذہانت کے دور میں زندہ ہیں اور یہ وہ دور ہے جسے جینسن ہوانگ نے ممکن بنایا ہے۔ دنیا جس طرح تیزی سے جنیسن ہوانگ کے بنائے ہوے سسٹم اور اسکی ٹیکنو لاجیکل کمپنی انویڈیا کی ایجادات سے مستفید ہو رہی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی سماج ایک جوہری تبدیلی کے عمل سے گذر رہا ہے۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب ہم اپنے تھکے ہوے جسم پرانحصار کرنے کے بجائے کمپیوٹر کے ذریعے گھر بیٹھے کام کاج کر وا لیاکریں گے۔ مغربی میڈیا پر گردش کرتی ہوئی یہ خبریں ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کر رہی تھیں کہ اچانک ایک ایسی خبر آئی کہ جس نے مصنوعی ذہانت کے ہنگامے کو پس منظر میں دھکیل دیا۔ یہ خبر انویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ کا یہ اعتراف تھا کہ اسکے سنگا پور کی ایک ٹیک کمپنی میگا سپیڈ کی سٹاف ممبر ایلس ہوانگ سے غیر ازدواجی تعلقات تھے۔ امریکی میڈیا پر یہ خبر آتے ہی چھا گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے ایران جنگ اور وسط مدتی انتخابات کی خبریں پردہ سکرین سے غائب ہو گئیں۔ اتوار کے دن جینسن ہوانگ نے اس میڈیائی تلاطم کی تاب نہ لاتے ہوے اس سکینڈل پر اظہار ندامت کیا مگر بات نہ بنی اور اسکے تین دن بعد اسنے انویڈیا کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا۔ یہ کمپنی اس نے اپریل 1993 میںکیلی فورنیا میں قائم کی تھی۔ اسکے استعفے کی اطلاع کے ساتھ ہی انویڈیا کے سٹاک میں 16 فیصد کمی ہو گئی اور جینسن ہوانگ کیNet Worth یا خالص مالیت کم ہو کر 136 بلین ڈالر رہ گئی۔ اب کہا جا رہا ہے کہ یہ سکینڈل امریکہ کی قومی سلامتی اور کھربوں ڈالر کی ٹیک انڈسٹری کے لیے گہرے مضمرات کا حامل ہے۔ کم و بیش ایک ہفتے سے عالمی میڈیا کی سرخیوں میں موجود ایلس ہوانگ پر الزام ہے کہ وہ چین کے لیے جاسوسی کر رہی تھی اور اسنے جینسن ہوانگ سے اپنے تعلقات کا فائدہ اٹھاتے ہوے ایسی ٹیکنالوجی چین کو مہیا کی جس کی برآمد پر امریکہ نے پابندی لگائی ہوئی تھی۔ جینسن ہوانگ کی شہرت چند روز پہلے تک ایک ایسے ارب پتی چیف ایگزیکٹیو کی تھی جس کا شمار مارک زکر برگ‘ سٹیو جاب‘ ایلون مسک اور بل گیٹس جیسے صف اول کے لوگوں میں ہوتا تھا۔ صدر ٹرمپ‘ جینسن ہوانگ کی ذہانت‘ دولت اور کامیابیوں سے اتنے متاثر تھے کہ وہ جب مئی میں چین گئے تو اسے اپنے ساتھ لے گئے۔ چین کے صدر شی جن پنگ ستمبر میں جب امریکہ آئے تو وائٹ ہائوس کے سٹیٹ ڈنر میں جینسن ہوانگ صدر ٹرمپ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ جینسن ہوانگ کے مخالفین کا کہنا ہے کہ اس نے صدر ٹرمپ کو اس بات پر قائل کیا ہے کہ چین کو امریکہ کا محتاج رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ کے سیمی کنڈکٹر چپس اور اس سے منسلک ٹیکنالوجی چین کو مہیا کی جاتی رہے۔ جینسن ہوانگ کے کہنے پر ہی صدر ٹرمپ نے چین کو امریکی ٹیکنالوجی کی برآمد پر لگی ہوئی پابندیوں کو ختم کیا تھا۔ صدر ٹرمپ اگلے ہفتے چین کے دورے پر جا رہے ہیں مگر اس مرتبہ جینسن ہوانگ انکے ساتھ نہیں ہوں گے۔ چین نے جاسوسی کے الزامات کوبے بنیاد کہہ کر مسترد کر دیا ہے۔ امریکی میڈیا صدر ٹرمپ سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے صدر شی جن پنگ سے اس مسئلے پر ضرور بات کریں مگر صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر چین کے صدر نے یہ بات نہ چھیڑی تو وہ اسے زیر بحث نہیں لائیں گے۔ شین زن میں ایپیک کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ ایک ملاقات صدر شی جن پنگ سے کریں گے اور دوسری ملاقات میں روس کے صدر پیوٹن بھی ان دونوں کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہوں گے۔
ایک پوڈ کاسٹر نے صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ وہ ابھی تک جینسن ہوانگ کے بارے میںاپنے مؤقف پر کیوں قائم ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوا کہ وہ خاتون چین کی جاسوس ہے بھی یا نہیں۔ اس انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ بڑی طاقتیں ایک دوسرے کی جاسوسی کرتی رہتی ہیں۔ ہم بھی چین کی جاسوسی کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی کابینہ کے ارکان اور انکا سٹاف بھی اس مسئلے پر منقسم ہے۔ اسی لیے انویڈیا اور دیگرامریکی ٹیک کمپنیوں کی ٹیکنالوجی دوسرے ممالک کو فروخت ہو رہی ہے۔ سیکرٹری خزانہ Scott Bessentنے کہا ہے کہ یہ کامرس ڈیپارٹمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ انویڈیا کی ایڈوانس ٹیکنالوجی کو سنگا پور کی کمپنی میگا سپیڈ کے ہاتھوں میں جانے سے روکے۔ انکے بیان کے مطابق اگر یہ پابندی لگی ہوتی تو ایلس ہوانگ ایسے ڈیٹا سنٹر نہ بنا سکتی جنہوں نے سات ارب ڈالر کی جدید امریکی ٹیکنالوجی چین کو بیچ دی۔ امریکی خفیہ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ایلس ہوانگ اربوں ڈالر کی ٹیکنالوجی انویڈیا سے خرید کر چین کو فروخت کر رہی تھی اور جینسن ہوانگ اس سے بے خبر تھے۔ ایلس ہوانگ کا سکینڈل عالمی میڈیا پر چھایا ہوا تھا کہ یہ خبر بھی سامنے آ گئی کہ جینسن ہوانگ کا دوسرا رومانس ان کی ماتحت Kimberly Powell کے ساتھ چل رہا ہے۔ اس خبر کے سامنے آتے ہی انویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کو بر طرف کرنے کے بارے میں بات چیت شروع کر دی مگر اس کاروائی سے پہلے ہی جینسن ہوانگ نے استعفیٰ دے دیا۔ صدر ٹرمپ شن زین کی میٹنگ میں اس سکینڈل پربات نہیں کرنا چاہتے۔ انہوںنے کہا ہے کہ وہ صدر شی جن پنگ سے نایاب معدنیات کی برآمد‘ جوہری توانائی کے پھیلائو اور ایران جنگ پر بات کریں گے۔ صدر ٹرمپ شن زین میں اس سکینڈل پر بات نہ بھی کریں تو یہ دونوں ممالک کے درمیان جاری عالمی جیو پولیٹیکل مسابقت کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ اس سکینڈل نے جینسن ہوانگ کے زوال کو مہمیز لگانے کے علاوہ دو عالمی طاقتوں کے تعلقات کو بھی اپنی زد میں لے لیا ہے۔ صدر ٹرمپ شن زین میں اس سے پہلو تہی کر سکتے ہیں مگر جنوری میں امریکی کانگرس کا اختیار سنبھالنے والی ڈیمو کریٹک پارٹی ابھی سے اس قضیے کی تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button