امریکا میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات کا آغاز؛ مارکو روبیو کی بھی شرکت

اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات اب سے کُچھ دیر میں امریکا میں شروع ہونے والے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے جس میں وہاں تعینات دونوں ممالک کے سفرا شامل ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ مذاکرات کے اس دور میں امریکا میں تعینات سفیر اسرائیلی سفیر یخیل لیٹر اور لبنانی سفیر نَدا حمادہ معوذ کے ساتھ وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی شریک ہوں گے۔محکمہ خارجہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مذاکرات بند کمرے میں ہوں گے البتہ بات چیت سے قبل فریقین کے سفیر میڈیا سے کچھ دیر گفتگو بھی کریں گے۔خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی 2 ہفتے کی جنگ بندی کے پہلے ہی روز اسرائیل نے لبنان پر اب تک کے سب سے بڑے فضائی حملے کیے تھے۔ان حملوں میں اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جن میں جاں بحق افراد کی تعداد 250 سے بھی زائد ہوگئی ہے۔جس پر ایران اور پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لبنان پر حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں۔ فرانس سمیت متعدد یورپی ممالک بھی جنگ بندی کا دائرہ کار لبنان تک چاہتے ہیں۔



