پاکستان اور پولینڈ کا سکیورٹی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے پولینڈ کے وزیر اور کونسل آف منسٹرز کے سربراہ ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں سیکیورٹی، انٹیلیجنس شیئرنگ، انسداد دہشتگردی، غیر قانونی مائیگریشن اور دونوں ممالک کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے میوچل لیگل اسسٹنس سمیت مختلف مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔اس موقع پر غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام کے لیے یورپ میں پاکستانیوں کے لیے روزگار اور قانونی مائیگریشن کے مواقع بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان عوامی، تجارتی اور کاروباری روابط کو وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔ آفیشل پاسپورٹ پر ویزہ فری سہولت کی فراہمی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت نے منشیات، غیر قانونی مائیگریشن اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان سے یورپ کی جانب غیر قانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی آئی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ باہمی تعاون اور دوطرفہ کوآرڈینیشن بڑھا کر جرائم میں مزید کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس سکیم کے حوالے سے تعاون پر پولینڈ کا شکریہ بھی ادا کیا۔پولش وزیر ٹوماش شیمونیاک نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کو قانونی طریقے سے پولینڈ آمد پر خوش آمدید کہا جائے گا۔ پاکستان اور پولینڈ انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں، جبکہ سیاسی و سیکیورٹی تعلقات کے ساتھ معاشی روابط کا فروغ بھی انتہائی اہم ہے۔پولش وزیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور تائید کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے وزیر مملکت طلال چوہدری کی سربراہی میں وزارت داخلہ کا وفد جلد پولینڈ کا دورہ کرے گا۔



