
دبئی: سعودی عرب کے دو ہوائی اڈوں کو پیر کی شام ہونے والے دو الگ حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ ایئرپورٹس کو معمولی نقصان پہنچا۔سعودی حکام نے بتایا کہ جازان اور نجران میں موجود بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حملے ایسے وقت کیے گئے جب سعودی عرب اور یمن کے ایران نواز حوثی گروپ کے درمیان لڑائی میں تیزی آ رہی ہے۔سعودی سول ایوی ایشن حکام کے مطابق کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے مسافروں اور عملے کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات بھی شروع کر دیے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ حملے ایسے وقت ہوئے جب سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز نے حوثیوں کے زیر قبضہ علاقوں کو واپس لینے کے لیے ایک بڑی فوجی کارروائی شروع کر رکھی ہے۔ یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے کئی ہفتوں تک پیش قدمی کے بعد شروع کی گئی، جبکہ سعودی عرب بھی یمنی حکومتی فورسز کی حمایت میں فضائی حملوں میں اضافہ کر رہا ہے۔



