اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے میں تاخیر پر محسن نقوی برہم، یوٹیلیٹیز منتقلی اور ورک فورس بڑھانے کا حکم

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یوٹیلیٹیز کی منتقلی میں تاخیر پر وزیر داخلہ نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ یوٹیلیٹیز کی فوری منتقلی کے لیے سوئی گیس حکام سے فی الفور رابطہ کیا جائے اور اس عمل کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے پر تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے، ورک فورس میں اضافہ کرنے اور مشینری کی تعداد بڑھانے کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام آگے بڑھائیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ پراجیکٹ پر بیک وقت 60 سے زائد مشینیں کام کر رہی ہیں۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



