فلائی دبئی طیارہ واقعہ میں شریک پائلٹ کو سزائے موت دینے کا فیصلہ؟ اسرائیلی میڈیا کا بڑا دعویٰ

متحدہ عرب امارات نے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی مبینہ کوشش کرنے والے عمانی شریک پائلٹ حمام الحَمّامی کے خلاف سخت ترین سزا، ممکنہ طور پر سزائے موت، پر غور شروع کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اماراتی حکام واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دے کر تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاہم سزائے موت کا حتمی فیصلہ ہونے کی آزادانہ سرکاری تصدیق ابھی سامنے نہیں آئی۔اسرائیلی ویب سائٹ وائے نیٹ نے ایک سینئر اماراتی ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ الحَمّامی پر طیارے میں موجود تمام افراد کو ہلاک کرنے کی کوشش کا الزام ہے اور اسے ممکنہ طور پر انتہائی سخت سزا دی جاسکتی ہے۔ اسی دوران اسرائیلی حکام بھی تحقیقات میں اماراتی اداروں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔یہ واقعہ 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آیا۔ اماراتی حکام کے مطابق شریک پائلٹ نے کاک پٹ میں موجود ہنگامی کلہاڑی سے کپتان پر حملہ کیا اور طیارے کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی۔ حملے کے دوران طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا، تاہم کپتان اور مسافروں کی مداخلت سے شریک پائلٹ کو قابو کرلیا گیا۔ بعد ازاں طیارے کو سعودی عرب کے شہر تبوک میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔



