برآمدات میں اضافہ اور مقامی صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے: محسن نقوی

لاہور (آصف اقبال) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی، برآمدات میں اضافہ اور زرمبادلہ کا حصول معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، برآمدات بڑھانا اور ملکی صنعت کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اپٹما کے تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور کہا کہ وہ ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور کاروباری برادری کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ مصنوعات ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ ہونی چاہئیں۔ ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ ہمارا نعرہ ہے، ملکی صنعت اور مقامی پیداوار کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا۔محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے ایران کے متعدد دورے کیے ہیں جہاں مختلف اشیا مقامی طور پر تیار کی جاتی ہیں، پاکستان کو بھی ترقی کرنے والے ممالک کے تجربات اور نظام سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام ری سیٹ ہونے جا رہا ہے جس سے معاملات میں بہتری آئے گی۔ بزنس کمیونٹی کے لیے بزنس پاسپورٹ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش ہر قسم کی مشکلات کے حل کے لیے وہ ہمہ وقت دستیاب ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مل کر ملکی صنعت، مقامی پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔



