پنجاب میں ڈیجیٹل گورننس، زراعت اور صنعتی ترقی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے: مریم اورنگزیب

لاہور (آصف اقبال) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب حکومت کی ترجیحات، ڈیجیٹائزیشن، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، زراعت، ڈیری فارمنگ، انسدادِ سموگ اقدامات، صنعتی ترقی اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے فروغ سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک وفد کو پنجاب حکومت کی ترجیحات اور مختلف شعبوں میں جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے تحت ڈیجیٹائزیشن میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے، شہریوں کو ٹیکنالوجی کے ذریعے شفاف اور آسان انداز میں سرکاری خدمات کی فراہمی حکومت پنجاب کا مشن ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’’مریم کی دستک‘‘، ای خدمت مراکز، ای بیز اور ای پے جیسے منصوبے پنجاب میں ڈیجیٹائزیشن کی کامیابی کی مثال ہیں۔ وزیراعلیٰ کے وژن کے تحت صوبے کے طول و عرض میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ پی آئی ٹی بی ورلڈ بینک کے تعاون سے جدید تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی پر کام کر رہا ہے، جبکہ پنجاب حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک سے فائبر نیٹ ورک بچھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں زراعت اور ڈیری فارمنگ کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات، ایگریکلچرل انویسٹمنٹ اور ماحول دوست اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسانوں کو سپر سیڈر اور جدید زرعی مشینری کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے، جبکہ کسان کارڈ کے ذریعے چھوٹے کسانوں کو پیداوار بڑھانے کے لیے معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ آئندہ تین سے پانچ سال کے دوران گندم، چاول اور دیگر بڑی فصلوں کی پیداوار میں 30 فیصد تک اضافے کا ہدف ہے۔ محکمہ آبپاشی کے ذریعے نہری نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے تاکہ ٹیل اینڈ تک کسانوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ورلڈ بینک وفد نے پنجاب حکومت کے انسدادِ سموگ اقدامات کو بھی سراہا۔ ملاقات میں صنعتی ترقی اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے فروغ کے لیے ’’STEP‘‘ پروگرام کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ STEP کے آغاز سے صنعتی شعبے میں 300 ارب روپے کی سرگرمیوں کا راستہ ہموار ہوا ہے جبکہ SMEs کو خصوصی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ای کامرس سیکٹر کو STEP میں شامل کرکے آن لائن کاروبار کے فروغ کی راہ ہموار کی ہے۔ چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے لیے آسان فنانسنگ اور برآمدات میں اضافے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی کو STEP سے منسلک کرکے آئی ٹی اور ٹیکنالوجی انڈسٹری کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل سروسز اور ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کو ترجیح حاصل ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے AI آفس کے ذریعے صنعتی فیصلوں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ای فوس کے ذریعے شفاف فنانسنگ اور ڈیجیٹل گورننس کا ماڈل متعارف کرایا گیا ہے جبکہ امپورٹ متبادل، ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ اور مقامی سپلائی چین کا فروغ حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ، جدت، ڈرون ٹیکنالوجی اور برآمدات کا مرکز بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ملاقات کے اختتام پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ورلڈ بینک کے وفد کو بسنت کے تہوار میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں سے 25 سال بعد پنجاب میں بسنت کا تہوار بحال ہوا ہے۔



