پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں کینسر یونٹ قائم ہوگا :عظمیٰ بخاری

لاہور ( آصف اقبال ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا وسائل نچلی سطح تک پہنچانے اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کا عزم عملی شکل اختیار کرچکا ہے، پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں کینسر کا الگ یونٹ قائم کیا جائے گا جبکہ مختلف عوامی فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں لوگوں کے گھروں تک ادویات پہنچائی جا رہی ہیں، گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت گھروں سے کچرا اٹھانے کا نظام بھی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ سمیت مختلف منصوبوں کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار گھر مکمل ہوچکے ہیں جبکہ ایک لاکھ مزید گھر جلد تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی عوام کو سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے ہر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں کینسر کا الگ یونٹ بنایا جائے گا، جبکہ دیہی مراکز صحت کو چھوٹے اور فعال یونٹس کے طور پر بہتر بنایا جائے گا تاکہ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم کیا جاسکے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں جرائم میں کمی آئی ہے اور لاہور سمیت پورا پنجاب سیف سٹی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیوٹیفیکیشن پروگرام سمیت مختلف منصوبوں کو دیگر صوبوں میں بھی اپنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ضمنی انتخابات کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بہاولپور میں مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی جبکہ پنجاب کے تمام ضمنی انتخابات میں بھی ن لیگ کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو سڑکیں ناپنے کے بجائے اپنے صوبے میں ترقیاتی منصوبے بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔لانگ مارچ اور سیاسی احتجاج کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ریاست کو یرغمال بنانے اور لانگ مارچ کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد آنے والوں کے لیے بہت سے سرپرائز انتظار کر رہے ہوں گے۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2025 میں ملک میں دہشت گردی کے 71 فیصد واقعات خیبر پختونخوا میں ہوئے جبکہ 502 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ ان کے بقول پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔بسنت کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی منظوری کے مطابق لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بسنت منائی جائے گی، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کے باعث بسنت کی سرگرمیوں میں ایک روز کا وقفہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ اور ڈور بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور دس روز تک عوام کو پتنگ بازی کی اجازت ہوگی۔ ان کے مطابق بسنت کو پبلک ایونٹ کے طور پر منایا جائے گا اور عوام اس سے بھرپور لطف اٹھائیں گے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبوں کی گونج ملک بھر میں سنائی دے رہی ہے اور وسائل کو نچلی سطح تک پہنچانے کی پالیسی مختلف منصوبوں کی صورت میں واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔



