سندھ اور ہونان کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور باہمی روابط کے فروغ پر اتفاق

کراچی(آصف اقبال )سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ہونان انٹرنیشنل فرینڈشپ سٹیز اکنامک اینڈ ٹریڈ ایکسچینج ایونٹ اینڈ کوآپریشن ڈائیلاگ کے موقع پر ہونان پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین یانگ ہاؤ ڈونگ سے ملاقات کی، جس میں سندھ اور ہونان کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت اور باہمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چانگشا میں منعقدہ عالمی تقریب میں سندھ حکومت کے اعلیٰ سطحی وفد نے شرکت کی، جس کی قیادت شرجیل انعام میمن نے کی۔ وفد میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر اور سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ فنڈ (SEDF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خضر پرویز شامل تھے، جبکہ گوانگژو میں پاکستان کے قونصل جنرل یاسر اقبال بٹ اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر محمد عمران بھی موجود تھے۔تقریب میں دنیا کے 28 ممالک کے وزراء اور اعلیٰ سطحی نمائندوں نے شرکت کی۔ ہونان کے گورنر ماؤ ویمنگ نے غیر ملکی وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہونان اور مختلف ممالک کے صوبوں کے درمیان ’’سسٹر پروونس‘‘ کے تحت مضبوط اور دیرپا تعلقات کے قیام پر زور دیا۔شرجیل انعام میمن نے ہونان کی قیادت اور حکام سے ملاقاتوں کے دوران سندھ اور ہونان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور اقتصادی و تجارتی روابط مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی۔ انہوں نے دونوں صوبوں کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات کے فروغ، تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی اور عوامی روابط مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔



