مریم نواز شریف سے آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی کی ملاقات، ترقیاتی تعاون پر تبادلہ خیال

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی نے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی ترقی، اصلاحات اور پنجاب کے کامیاب ترقیاتی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنے 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر بھرپور عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔بیرسٹر افتخار گیلانی نے پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں شروع کیے گئے مختلف تاریخ ساز ترقیاتی منصوبوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوامی فلاح اور ترقی کے لیے شروع کیے گئے منصوبے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے بھی مشعل راہ ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں بھی عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی عمل تیز کرنے اور گورننس میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔بیرسٹر افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ قائد محمد نواز شریف کی رہنمائی میں آزاد کشمیر کو ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کی مثال بنانا چاہتے ہیں۔ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور حکومتوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنانے اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔



