Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

نیویارک میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے 600 چوراہوں پر ریڈ لائٹ کیمرے نصب

میئر ظہران ممدانی کا شہر کی پانچوں بورو میں ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے عزم کی تکمیل کا اعلان
نیویارک(نامہ نگار)نیویارک کے میئر ظہران ممدانی اور نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن (NYC DOT) کے کمشنر مائیک فلن نے اعلان کیا ہے کہ شہر کی پانچوں بورو میں 600 چوراہوں پر ریڈ لائٹ کیمرے نصب کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کے ذریعے ریڈ لائٹ کیمرا پروگرام کو وسعت دینے اور ریاستی قانون کے تحت مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ تعداد تک پہنچنے کا وعدہ پورا کر لیا گیا ہے۔میئر کے دفتر کے مطابق ریڈ لائٹ کیمرے ڈرائیوروں کے رویوں میں تبدیلی لانے اور خطرناک ٹریفک حادثات کی روک تھام میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ نیویارک سٹی ڈیپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 سے 2025 کے دوران چوراہوں پر پیش آنے والے مہلک حادثات میں سے 22 فیصد میں سرخ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کا عنصر شامل تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ جن مقامات پر یہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں، وہاں سرخ بتی عبور کرنے کے واقعات میں 80 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق ان کیمروں کی تنصیب سے نہ صرف خطرناک ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے بلکہ حادثات کے نتیجے میں ہونے والی سنگین چوٹوں میں بھی کمی آئی ہے۔ جن چوراہوں پر ریڈ لائٹ کیمرے نصب کیے گئے، وہاں پیچھے سے گاڑی ٹکرانے کے واقعات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد میں تقریباً 60 فیصد جبکہ اطراف سے گاڑیوں کے ٹکرانے، جنہیں ٹی بون کریش کہا جاتا ہے، کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد میں 70 فیصد کمی ہوئی ہے۔حکام کے مطابق 2025 کے دوران سرخ بتی کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں میں سے 95 فیصد کو زیادہ سے زیادہ ایک یا دو خلاف ورزیوں کے نوٹس جاری کیے گئے، جبکہ پانچ یا اس سے زیادہ خلاف ورزیوں کے نوٹس وصول کرنے والی گاڑیوں کی تعداد 0.7 فیصد سے بھی کم رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button