سڈنی میراتھون میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز ایکشن میں ہوں گے

دنیا کی بڑی میراتھونز میں شامل سڈنی میراتھون کل آسٹریلیا میں منعقد ہوگی، جس میں دنیا بھر سے 40 ہزار سے زائد رنرز شرکت کریں گے۔اس دوڑ میں 24 پاکستانی اور پاکستانی نژاد رنرز بھی ایکشن میں ہوں گے، جن میں 19 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔پاکستانی دستے میں کراچی، اسلام آباد اور آسٹریلیا سمیت امریکا، برطانیہ اور سعودی عرب میں مقیم رنرز شامل ہیں۔ پاکستان سے 12 رنرز سڈنی میراتھون میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔کراچی سے خالد شیخ، ڈاکٹر جہانزیب مغل، نوشیروان علی، شعیب نظامی، علی قاضی، دانش الہیٰ، حسنین دھرمسے اور یوسف ملک میراتھون میں شرکت کریں گے۔خواتین رنرز میں کوکب سرور، ڈاکٹر رابعہ نعیم، مہوش بلال، حرا دیوان اور سیدہ میمونہ ہمدانی شامل ہیں۔دیگر پاکستانی رنرز میں علی زیدی، عامر بٹ، قمر ضیا، جنید میمن، زین عالم، نوید حسن، عمر رشید، تابش مختار، میر شہزاد اور ڈاکٹر عدنان افضل شامل ہیں۔کراچی سے تعلق رکھنے والے دانش الہیٰ سڈنی میراتھون میں منفرد انداز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دانش الہیٰ کا کہنا ہے کہ وہ میراتھون میں شلوار قمیض پہن کر دوڑیں گے تاکہ پاکستان کا ایک نرم اور مثبت تاثر اجاگر کرنے کے ساتھ اپنے ملک کے بارے میں آگاہی پیدا کی جاسکے۔دانش الہیٰ کے مطابق سڈنی میراتھون ان کی ساتویں میراتھون ہے اور وہ اس موقع کے لیے انتہائی پرجوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ سڈنی دوڑنے کے لیے بہترین شہر ہے۔



