یوکرین حمایتی اور منشیات پر مشتمل تہوار پر روسی فورسز کا چھاپہ، 100 افراد گرفتار

روس کے لینن گراڈ ریجن میں ویبورگ کے قریب ایک غیر رسمی پنک میوزک فیسٹیول پر روسی سکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر تقریباً 100 افراد کو حراست میں لے لیا۔Day x Night نامی یہ فیسٹیول جنگلاتی علاقے میں منعقد کیا جا رہا تھا۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ وہاں یوکرین کی حمایت میں نعرے لگائے گئے جبکہ روسی حکومت تبدیل کرنے کے مطالبات بھی کیے جانے کا الزام ہے۔علاوہ ازیں منشیات کے بڑے پیمانے پر استعمال کا بھی شبہ ظاہر کیا گیا۔ جائے وقوعہ پر ریوکرینی علامات والے پوسٹر بھی موجود تھے۔ پولیس نے شرکاء کے خیموں کی تلاشی لی اور بعض ڈرونز بھی ضبط کیے، کیونکہ یہ علاقہ فن لینڈ کی سرحد کے قریب ہونے کی وجہ سے ڈرون اڑانے کے لیے ممنوع قرار دیا گیا تھا۔روسی سکیورٹی حکام نے فیسٹیول کو بائیں بازو کے رجحانات رکھنے والے افراد کا اجتماع قرار دیا۔ فیسٹیول کے منتظمین اور شرکاء کے خلاف مزید قانونی کارروائی ہوگی یا نہیں، اس بارے میں ابتدائی رپورٹس میں مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔پولیس کارروائی روس میں یوکرین جنگ کے مخالف یا حکومت پر تنقید کرنے والے حلقوں کے خلاف بڑھتے ہوئے دباؤ کے تناظر میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں بھی روسی عدالتوں نے جنگ پر تنقید کرنے والی شخصیات کے خلاف سخت کارروائیاں کی ہیں۔



