59 سالہ جاپانی فٹبالر نے ایمپیرر کپ میں تاریخ رقم کردی

جاپان کے سابق انٹرنیشنل فٹبالر کازویوشی میورا نے 59 برس کی عمر میں ایمپیرر کپ کی تاریخ کے معمر ترین گول اسکورر بن کر نیا ریکارڈ قائم کردیا۔’کنگ کازو‘ کے نام سے مشہور میورا نے فوکوشیما یونائیٹڈ کی جانب سے اویاما سوکر کلب کے خلاف 0-7 کی کامیابی میں دو گول اسکور کیے۔59 سال، 5 ماہ اور 24 دن کی عمر میں یہ کارنامہ انجام دے کر میورا نے جاپان کے سابق مڈفیلڈر شنجی اونو کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 41 برس کی عمر میں گول کیا تھا۔میورا نے میچ کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کا کھاتہ کھولا جبکہ دوسرے ہاف کے آغاز میں ایک اور پنالٹی کو جال میں پہنچایا۔اس کے تین منٹ بعد انہیں میدان سے باہر بلا لیا گیا۔میورا کا یہ پیشہ ورانہ کیریئر کا 42واں سیزن ہے۔ وہ 1986 میں برازیل سے پروفیشنل فٹبال میں آئے اور اٹلی، کروشیا، آسٹریلیا اور پرتگال میں بھی کھیل چکے ہیں۔جاپان کی جانب سے انہوں نے 89 میچز میں 55 گول اسکور کیے۔



