Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیرِاعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیرِ توانائی کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد( آصف اقبال ) جمہوریہ بیلاروس کے وزیرِ توانائی ڈزینس ماروز نے پاکستان کے سرکاری دورے کے دوران آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے وزیر اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک تمناؤں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے نومبر 2024 میں صدر لوکاشینکو کے دورۂ پاکستان اور اپریل 2025 میں اپنے دورۂ بیلاروس کو خوشگوار انداز میں یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان دوروں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ملاقات کے دوران اسلام آباد میں ہونے والے مشترکہ وزارتی کمیشن (JMC) کے نویں اجلاس کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں تجارت، صنعت، زراعت، بینکاری، افرادی قوت، ٹرانسپورٹ اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔دونوں جانب سے اس امید کا اظہار کیا گیا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے فیصلوں کو عملی شکل دے کر پاکستان اور بیلاروس کے درمیان اقتصادی و تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔بیلاروس کے وزیرِ توانائی نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور بیلاروس کی قیادت کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیراعظم کو مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے دوران ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ملاقات میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کے لیے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button