Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

امریکی وفد کی سیکرٹری داخلہ پنجاب سے ملاقات، جیل اصلاحات اور نظامِ انصاف میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور( آصف اقبال ) امریکی سفارتخانے اسلام آباد کے انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لاء انفورسمنٹ بیورو (INL) کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت امریکی نمائندہ آئی این ایل ٹموتھی لاک ووڈ نے کی۔ملاقات میں پنجاب میں جیل اصلاحات، نظام انصاف میں بہتری، افسران کی استعداد کار بڑھانے اور پاک امریکہ باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے امریکی وفد کو پنجاب میں معاشرتی اصلاح اور اسیران کی بحالی کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کی جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنے کے لیے کثیر الجہتی منصوبے پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں 15 مختلف صنعتوں کے ذریعے اسیران کو ہنر سکھایا جا رہا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے کے مفید، باعزت اور خودکفیل شہری بن سکیں۔ ہنرمند اسیران کو رہائی کے وقت ”نیا آغاز پروگرام” کے تحت 2 لاکھ روپے تک بلاسود قرض بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ جیلوں میں 30 ہزار ناخواندہ اسیران کے لیے چیف منسٹر لٹریسی پروگرام شروع کیا گیا ہے، جبکہ خواندگی کا ٹیسٹ کامیابی سے پاس کرنے والے اسیران کو 30 روز تک کی سزا میں رعایت دی جا رہی ہے۔سیکرٹری داخلہ نے امریکی وفد کو بتایا کہ پروبیشنرز کی اصلاح و بحالی کے لیے ”روشن راستہ پروگرام” کے تحت مثالی کمیونٹی سروس ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔ پروگرام کے ذریعے پروبیشنرز کو نفسیاتی مدد فراہم کرنے کے ساتھ انہیں جرائم کی دنیا سے دور رکھنے کے لیے اصلاحی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ پنجاب میں اس وقت 40 ہزار سے زائد پروبیشنرز کی اصلاحی تربیت جاری ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں رجسٹرڈ 69 ہزار ائمہ کرام کو ماہانہ اعزازیہ دیا جا رہا ہے اور وہ معاشرتی اصلاح کے مشن میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔امریکی نمائندہ آئی این ایل ٹموتھی لاک ووڈ نے پنجاب حکومت کے پریزن ریفارمز ماڈل کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پروبیشن اینڈ پیرول افسران نے امریکہ میں تربیت کے دوران بہترین طرزِ عمل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مزید پروبیشن اور پریزن افسران کو امریکہ میں عالمی معیار کے مطابق تربیت دی جائے گی، جبکہ امریکہ سے تربیت حاصل کرنے والے ماسٹر ٹرینرز پنجاب میں دیگر پروبیشن اینڈ پیرول اور پریزن افسران کی تربیت کریں گے۔امریکی وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا اینڈ پبلک آؤٹ ریچ سیل کا بھی دورہ کیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل نے وفد کو سائبر پٹرولنگ سیل کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد کو بتایا گیا کہ سائبر پٹرولنگ سیل نے محرم الحرام سے اب تک 12 ہزار سے زائد قابل اعتراض اکاؤنٹس پی ٹی اے کو رپورٹ کیے ہیں۔وفد نے محکمہ داخلہ میں نمائش کے لیے رکھی گئی اسیران کی تیار کردہ مصنوعات میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسیران کو ہنرمند بنانے اور ان کی معاشرتی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ملاقات کے اختتام پر سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے امریکی وفد کو پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کی اعزازی کیپ اور یادگاری تحائف پیش کیے۔ملاقات میں آئی جی پریزن میاں سالک جلال، ڈی جی پروبیشن اینڈ پیرول شاہد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس کنور انوار علی خان، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عبدالرؤف اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button