Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر صنعت کی ملاقات، دوطرفہ تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد( آصف اقبال ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت سید محمد اتابک نے چھ رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی امن و امان کی صورتحال، دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ہونے والی ملاقات میں بھی دوطرفہ تعلقات، پائیدار امن اور تجارت کے فروغ پر مثبت گفتگو ہوئی۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ 10 ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت کا ہدف مشترکہ کوششوں سے حاصل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ خوراک، زرعی اجناس، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے سے دونوں ممالک کو نمایاں اقتصادی فوائد حاصل ہوں گے۔ملاقات میں پاکستان اور ایران نے سرحدی تجارت کے فروغ، بارڈر کراسنگ کو 24 گھنٹے فعال رکھنے، لاجسٹکس کی بہتری، کسٹمز نظام میں ہم آہنگی اور کان کنی، خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔اس موقع پر ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) کے حوالے سے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔ملاقات میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، علی پرویز ملک، جنید انور چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاونین خصوصی سید طارق فاطمی، ہارون اختر، طلحہ برکی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button