
امریکا کی درخواست پر برطانوی فوجیوں کو اسرائیل میں تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ وہ غزہ امن منصوبے کی نگرانی کر سکیں۔رپورٹس کے مطابق برطانوی فوج کے ایک سینئر کمانڈر اور محدود تعداد میں فوجی اہلکار اسرائیل بھیجے گئے ہیں جو امریکی نگرانی میں جاری امن منصوبے میں معاونت کریں گے۔برطانوی وزیرِ دفاع جان ہیلی نے لندن میں کاروباری رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے اس تعیناتی کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی فورسز اپنی خصوصی مہارت اور تجربے کے ذریعے خطے میں طویل المدتی امن کے قیام میں کردار ادا کریں گی۔وزیر دفاع نے بتایا کہ ایک برطانوی اعلیٰ افسر کو امریکی کمانڈر کا ڈپٹی کمانڈر مقرر کیا گیا ہے، جو ایک سول ملٹری کوآرڈی نیشن سینٹر کی سربراہی کریں گے۔ اس مرکز میں مصر، قطر، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کی شمولیت بھی متوقع ہے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صرف ایک ہفتہ قبل برطانیہ کی نئی وزیرِ خارجہ ایویٹ کوپر نے کہا تھا کہ اسرائیل میں فوجی بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ تاہم تازہ اقدام برطانوی پالیسی میں ممکنہ تبدیلی کا عندیہ دیتا ہے۔