Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات ،قانون سازی، جیل اصلاحات اور دیگراہم امور پر تبادلہ خیال

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبائی اسمبلی کی کارروائی، قانون سازی، جیل اصلاحات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ صوبائی اسمبلی کی کارروائی کو باہمی ہم آہنگی اور جمہوری روایات کے مطابق آگے بڑھایا جائے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو ہدایت کی کہ قانون سازی کے عمل میں حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی مؤثر شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مفاد کے قوانین بہتر انداز میں تشکیل پا سکیں۔اس موقع پر جیل اصلاحات سے متعلق قانون سازی پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جبکہ عالمی اور ملکی صورتحال کے تناظر میں مجموعی حالات کا جائزہ بھی لیا گیا۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پیش کی گئی پالیسی کو سراہتے ہوئے اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے "اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کے اجرا اور قرعہ اندازی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد بھی پیش کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم پوری ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے، جس کے ذریعے 30 ہزار بے روزگار خاندانوں کو زمین اور باعزت روزگار فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح کے لیے ہر روز نئے منصوبے متعارف کرا رہی ہے، جبکہ اب خصوصی توجہ صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں الیکٹرک بسوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور زرعی شعبے میں جدید مشینری متعارف کرا کے کسانوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو ترقی کے ثمرات ان کی دہلیز تک پہنچائے جا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button