دلچسپ و عجیب
میکسیکو کا بیٹ مین مبینہ موٹر سائیکل چوروں کو کھمبے سے باندھنے لگا

میکسیکو کی ریاست جیلِسکو کے شہر لیگوس ڈی مورینو میں ایک پراسرار شخص یا گروہ مبینہ موٹر سائیکل چوروں کو ڈکٹ ٹیپ سے بجلی کے کھمبوں کے ساتھ باندھ کر چھوڑ رہا ہے، جس کے بعد پولیس انہیں وہاں سے اپنی تحویل میں لے رہی ہے۔رپورٹس کے مطابق بیٹ مین فلم کی طرز کا یہ سلسلہ جون کے وسط میں شروع ہوا۔ 13 جون کو پہلا شخص کھمبے سے بندھی ہوئی حالت میں ملا، جس کی پیشانی پر ’چور‘ لکھا ہوا تھا جبکہ قریب ہی ایک مبینہ طور پر چوری شدہ موٹر سائیکل بھی موجود تھی۔ اس کے بعد اب تک کم از کم مزید چار افراد اسی طرح بندھی ہوئی حالت میں مل چکے ہیں۔مقامی افراد کا خیال ہے کہ یہ کارروائیاں کسی ایک نامعلوم ’وِجلانٹے‘ کی ہیں۔ تاہم، حکام کا کہنا ہے کہ عین ممکن ہے کہ اس کے پیچھے کوئی گروہ ہو۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک ملنے والے افراد نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔



