نیدرلینڈ کے سفیر کی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور( آصف اقبال) نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم، تحقیق اور کھیلوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کی قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ باہمی احترام، اعتماد اور تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔سپیکر نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے مشترکہ خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ تعلیم، تحقیق اور نوجوانوں کے تبادلہ پروگرامز دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کے درمیان تجربات کا تبادلہ گورننس کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ملک محمد احمد خاں نے پنجاب میں کم عمری کی شادی کے خلاف مؤثر قانون سازی کو بچوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان ہر شعبے میں تعاون کے فروغ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔اس موقع پر نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کے نئے مواقع دونوں ممالک کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کے دورے کو باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر اسامہ خاور، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر، ملک تیمور احمد خاں اور ڈائریکٹر میڈیا راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے نیدرلینڈ کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ کو پنجاب اسمبلی کے ایوان کا دورہ بھی کروایا۔



