فیفا ورلڈکپ 2026: رونالڈو، میسی، نیمار سمیت کن کھلاڑیوں کا آخری ورلڈکپ ہوسکتا ہے؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 جہاں دنیا کی بہترین ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کی جنگ کا میدان بنے گا وہیں یہ عظیم فٹبالرز کے لیے عالمی اسٹیج پر آخری حاضری بھی ثابت ہو سکتا ہے۔کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، نیمار، لوکا موڈرچ، محمد صلاح اور دیگر تجربہ کار ستارے ممکنہ طور پر اپنے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ شائقین کی نظریں نہ صرف ٹورنامنٹ بلکہ ان لیجنڈری کھلاڑیوں کی آخری عالمی مہم پر بھی مرکوز ہیں۔41 سالہ پرتگالی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے جا رہے ہیں۔رونالڈو نے رواں سیزن میں النصر کے لیے 37 میچز میں 30 گول اسکور کیے جبکہ پرتگال کے لیے ان کے مجموعی گولز کی تعداد 143 تک پہنچ چکی ہے۔وہ اس ایونٹ میں 150 انٹرنیشنل گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں۔رونالڈو کے شاندار کیریئر کے باجود وہ آج تک ورلڈکپ ٹرافی اٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔38 سالہ لیونل میسی بھی اپنے ریکارڈ چھٹے ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کی قیادت کریں گے۔ارجنٹینا کے سب سے زیادہ گول کرنے والے اور سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی میسی کو ٹورنامنٹ سے قبل انجری مسائل کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث ان کی مکمل فٹنس پر سوالات موجود ہیں۔تاہم آٹھ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے میسی اب بھی ارجنٹینا کی سب سے بڑی امید سمجھے جاتے ہیں۔برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی نیمار 34 برس کی عمر میں ورلڈ کپ کھیلنے جا رہے ہیں۔ڈھائی سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے نیمار کو ماضی میں متعدد انجریز کا سامنا رہا ہے۔اگرچہ وہ رونالڈو اور میسی سے کم عمر ہیں تاہم 2030 کے ورلڈ کپ تک ان کی عمر 38 برس ہو جائے گی اور ان کے کیریئر میں انجریز کو دیکھتے ہوئے 2026 کا ٹورنامنٹ ان کا آخری ورلڈ کپ سمجھا جا رہا ہے۔



