اقوام متحدہ کے ادارے انروا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں روزانہ اوسطاً 63 خواتین شہید ہوتی ہیں۔ انروا کے مطابق روزانہ جاں بحق ہونے والی خواتین میں 37 مائیں شامل ہوتی ہیں جو اپنے پیچھے اپنے بچے اور خاندان چھوڑ جاتی ہیں۔انروا نے بتایاکہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 9 ہزار خواتین شہید ہوچکی ہیں۔اسرائیلی جارحیت سے سب سے زیادہ خواتین اور بچے متاثر ہورہے ہیں جو سخت موسم میں بے گھر ہونے کے ساتھ ساتھ غذائی قلت کا سامنا کررہے ہیں۔انروا کے مطابق غزہ میں مائیں اپنے خاندان کو خوراک فراہم کرنے کے لیے خود بھوکی رہنے پر مجبور ہیں۔ غزہ میں ہر 5 میں سے 4 خواتین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ان کے گھر کے کم از کم کسی ایک فرد کو بھوکا رہنا پڑا جبکہ ایسے95 فیصد واقعات میں ماں بھوکی رہی۔انروا نے رپورٹ میں بتایاکہ غزہ میں ہر 10 میں سے 9 خواتین کو خوراک کے حصول میں مردوں سے زیادہ مشکل پیش آتی ہے۔
0