اسکرین ٹائم، بالخصوص لڑکیوں کیلئے زیادہ نقصان دہ کیوں؟

ایک نئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ نوعمر لڑکیاں جو اسمارٹ فون، آئی پیڈ یا لیپ ٹاپ پر بہت زیادہ وقت گزارتی ہیں، ان میں نیند کے مسائل کی وجہ سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔محققین نے جریدے پی ایل او ایس گلوبل پبلک ہیلتھ میں رپورٹ کیا کہ نوعمر لڑکیاں جو زیادہ وقت اسکرین پر گزارتی ہیں ان کی نیند کے معیار اور دورانیہ دونوں لحاظ سے خرابی پیدا ہوتی ہے۔محققین نے پایا کہ اسکرین ٹائم نوعمروں کی نیند میں رات کے وقت رکاوٹ پیدا کرتا ہے جو ان کے جاگنے اور نیند کے اوقات کار کو متاثر کرتا ہے۔نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ یہی نیند کی خرابی لڑکیوں میں بعد میں ڈپریشن کی علامات سے منسلک ہوتی ہیں تاہم یہ نتائج لڑکوں میں نہیں دیکھے گئے۔سویڈن میں کیرولنسکا انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹریٹ طالب علم، سیبسٹین ہوکبی نے کہا کہ ہم نے پایا کہ جن نوعمر لڑکیوں نے اسکرین پر طویل وقت گزارنے کی اطلاع دی ان میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ نیند کی خرابیاں پیدا ہوئیں۔ اس کے نتیجے میں خاص طور پر لڑکیوں میں ڈپریشن کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا۔