
تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس سے ملاقات ہوئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال اگست میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر یونس کے بنگلہ دیش کی حکومت سنبھالنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملاقات تقریباً چالیس منٹ تک جاری رہی جس میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کشیدگی کم کرنے پر بات ہوئی۔دوسری جانب بنگلہ دیش کے سربراہ ڈاکٹر یونس نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں انہیں مودی سے مصافحہ کرتے ہوئے دکھا جاسکتا ہے۔اس موقع پرایس جے شنکر، این ایس اے اجیت ڈوول اور دیگر سینئر عہدیدار بھی موجود تھے، یاد رہے کہ بیجنگ کے ساتھ ڈھاکہ کی بڑھتی ہوئی قربت کے درمیان یہ میٹنگ بھارت کیلئے اہمیت رکھتی ہے۔یاد رہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات اس وقت خراب ہوئے جب شیخ حسینہ نے اگست میں طلباء کی قیادت میں ہونے والے زبردست احتجاج کے بعد ملک سے فرار ہوکر بھارت میں پناہ لی تھی۔