ٹرمپ نے عبدالالسید کو ’ذہین شخص‘ قرار دے دیا، پہلے مسلمان سینیٹر سے ملاقات کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ مشی گن سے منتخب ہونے والے ڈیموکریٹ سینیٹر عبدالالسید سے یونیورسل ہیلتھ کیئر کے منصوبے پر بات چیت کے لیے ملاقات کریں گے۔ان کے اس بیان کو انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے پر سخت تنقید کرنے والے دونوں رہنماؤں کے درمیان ممکنہ تعاون کا اشارہ قرار دیا جارہا ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ عبدالالسید سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے ڈیموکریٹ رہنما کی جانب سے میڈیکیئر فار آل منصوبے کو ’ٹرمپ کیئر‘ کا نام دینے کی تجویز کو سراہتے ہوئے انہیں ایک ذہین شخص قرار دیا۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کے نظام میں اصلاحات کے معاملے پر دونوں فریق کسی درمیانی راستے پر پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس میں ڈیموکریٹس کی آنے والی اکثریت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے امکانات دیکھ رہے ہیں، اگرچہ ابتدا میں اختلافات اور کشیدگی کا امکان ہے۔عبدالالسید نے اپنی انتخابی مہم میں یونیورسل ہیلتھ کیئر کو مرکزی اہمیت دی تھی۔ انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ تمام امریکی شہریوں کو پیدائش سے لے کر زندگی کے آخری مرحلے تک طبی سہولیات کی ضمانت دینے والے منصوبے کو صدر ٹرمپ کے نام سے ’ٹرمپ کیئر‘ کہا جائے۔رواں ماہ عبدالالسید نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سونے کے رنگ کے ’ٹرمپ کیئر‘ کارڈ کی تصویر بھی شیئر کی تھی اور صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ہر امریکی کے لیے زندگی بھر صحت کی سہولیات یقینی بنائیں۔انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ نے عبدالالسید کو بارہا تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ مشی گن سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ رہنما بھی ٹرمپ انتظامیہ کے سخت ناقد رہے ہیں۔ ری پبلکنز نے انتخابی مہم میں عبدالالسید کو دہشت گرد قرار دینے سمیت سخت الزامات عائد کیے تھے۔42 سالہ عبدالالسید نے اپنی مہم میں مہنگے اور پیچیدہ امریکی نجی طبی نظام کے مسائل حل کرنے، عام شہریوں کو طبی سہولیات تک رسائی دینے اور سیاست میں دولت کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ان کی انتخابی مہم کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں، حتیٰ کہ ری پبلکنز کے مضبوط حلقوں میں بھی بڑی تعداد میں لوگ جلسوں میں شریک ہوئے۔ عبدالالسید امریکی سینیٹ کے پہلے مسلمان رکن بننے جارہے ہیں۔








