پولینڈ کا روس پر فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام، یوکرین جنگ پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے

پولینڈ نے روس پر اپنی فضائی حدود کی دانستہ خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک روسی نگرانی کرنے والا ڈرون مختصر وقت کے لیے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ واقعے کے بعد یوکرین جنگ کے پولینڈ سمیت دیگر یورپی ممالک تک پھیلنے کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔پولینڈ کی مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ نے پیر کی رات مقامی وقت کے مطابق تقریباً نصف شب سے قبل بتایا کہ ایک ڈرون نے مختصر وقت کے لیے ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ ڈرون کو مار گرانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم اس کے مشرق کی جانب رخ بدلنے اور شہریوں کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر فائرنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پولینڈ کے نائب وزیر دفاع پاول زالیوسکی نے نجی ریڈیو اسٹیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو محض اتفاق قرار دینا مشکل ہے، اس لیے اسے دانستہ کارروائی تصور کیا جا رہا ہے۔ ایک اور نائب وزیر دفاع اسٹانیسلاو وِژیاتیک نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ فضائی حدود میں داخل ہونے والی چیز روسی نگرانی کرنے والا ڈرون تھا۔ان کے مطابق ڈرون ایک گنجان آباد علاقے کے اوپر پرواز کر رہا تھا اور اسے مار گرانے کی صورت میں اس کا ملبہ شہریوں اور املاک کے لیے بڑے نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔پولش وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق روسی سفیر کو منگل کی سہ پہر طلب کیا گیا، جہاں انہیں سخت لہجے میں احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ روسی سفارت خانے نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔








