Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری شائع، شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کا دعویٰ سامنے آگیا

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے آنجہانی پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری پر مبنی کتاب منظرِ عام پر آگئی ہے، جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے دوران شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کے تجربات، چرچ کے اندر جنسی استحصال کے اسکینڈلز اور شادی شدہ مردوں کو پادری مقرر کرنے کی تجویز سمیت کئی اہم معاملات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔کتاب کا عنوان ’دی پرائیویٹ ڈائری آف پوپ فرانسس‘ ہے، جس میں پوپ فرانسس کے ذاتی خیالات، خدشات اور روحانی تجربات سے متعلق تحریریں شامل ہیں۔ کتاب کو کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے، جو ویٹیکن کے ادارے ’ڈیکاسٹری فار دی ڈوکٹرین آف دی فیتھ‘ کے سربراہ اور پوپ فرانسس کے قریبی معاون رہے ہیں۔یہ کتاب دنیا کے 94 ممالک میں پانچ زبانوں میں شائع کی جا رہی ہے۔ اس میں 1992ء سے 2024ء تک کی ڈائری کے منتخب اقتباسات، نوٹس اور دستاویزات شامل ہیں۔ کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے اپریل 2025ء میں انتقال سے قبل اپنی ڈائری کے مندرجات عام کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم کتاب میں ان کی مکمل ڈائری شامل نہیں کی گئی۔کتاب کے اہم حصوں میں جنوری 2021ء میں لکھی گئی ایک تحریر بھی شامل ہے، جس میں پوپ فرانسس نے شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کے اپنے تجربات بیان کیے ہیں۔ڈائری کے شائع شدہ اقتباسات کے مطابق پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں بشپ تھے۔ انہوں نے لکھا کہ انہوں نے شیطان کو گاڑی کی کھڑکی سے دیکھا تھا۔ ان کے بقول اس کی آنکھیں انہیں آج بھی یاد ہیں، جو بیک وقت دھمکی آمیز اور پُرکشش تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button