نوجوانوں کو بااختیار بنانے، میرٹ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی پاکستان ترقی کرے گا سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور ( آصف اقبال ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لیے نوجوانوں کی مؤثر شمولیت، میرٹ کی بالادستی اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ناگزیر ہے۔ وسائل کا چند ہاتھوں میں ارتکاز اور متوسط طبقے کے لیے محدود ہوتے مواقع معاشرتی ترقی میں رکاوٹ ہیں۔یونیورسٹی آف لاہور میں جنریشنز اِن ٹرانزیشن چیلنجز، امنگیں اور پاکستان کا مستقبل کے عنوان سے قومی مکالمہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی آرا، شناخت اور عزتِ نفس کو اہمیت دینا ہوگی، جبکہ سیاسی قیادت کو تقاریر کے بجائے عملی کردار سے مثال قائم کرنی چاہیے۔ملک محمد احمد خاں نے ڈیجیٹل تعلیم اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی منصوبوں کے ساتھ طلبہ کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ پر بھی توجہ دی جائے۔وفاقی ہم آہنگی کے حوالے سے سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ قومی یکجہتی کے لیے تمام صوبوں کے درمیان اعتماد، احترام اور شراکت داری ضروری ہے۔ وسائل کی تقسیم میں آبادی کے ساتھ تعلیم، صحت اور ترقیاتی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنے پر غور کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی منصوبوں کی کامیابی نعروں سے نہیں بلکہ عملی نتائج اور عوام کی زندگیوں میں بہتری سے ناپی جانی چاہیے۔ جامعات اور تحقیقی اداروں کو پالیسی سازی میں مؤثر کردار دے کر قومی وسائل کے بہتر استعمال اور عوامی فلاح کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔



