Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیرِ اعظم کا ائیرپورٹس پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کو غیر ضروری تنگ کرنے سے روکنے کا حکم

اسلام آباد ( آصف اقبال ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر فوری طور پر اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے اور مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے جدید خودکار نظام متعارف کرانے کی ہدایت کردی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کسٹمز حکام کو مسافروں سے غیر ضروری پوچھ گچھ اور انہیں بلاوجہ پریشان کرنے سے روکنے کے احکامات بھی جاری کیے۔10 اکتوبر کو اسلام آباد میں کسٹمز نظام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر سامان کی جانچ کے فرسودہ طریقۂ کار کو ختم کرکے بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید نظام اپنانا ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسمارٹ اسکینرز فوری طور پر فضائی راستے سے پاکستان منگوائے جائیں اور تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر نصب کیے جائیں۔وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت اور آرام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی انہیں بلاوجہ تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ہوائی اڈوں پر تعینات عملے کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت اور مسافروں کے ساتھ شائستگی، احترام اور بہتر رویے کو تربیتی عمل کا اہم حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں کسٹمز انفورسمنٹ، اسمگلنگ کی روک تھام اور پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ حکام کے مطابق انڈس کلکٹریٹ (انفورسمنٹ) نے قیام کے ابتدائی تین ہفتوں میں 80 کارروائیوں کے دوران تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کی اشیاء ضبط کیں۔ ان کارروائیوں کے لیے 865 اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ 26 اہم راہداریوں کا احاطہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اسمگل شدہ کپڑے، گاڑیاں، سگریٹس، ہائی اسپیڈ ڈیزل، آٹو پارٹس اور دیگر اشیاء کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ کسٹمز اصلاحات کے تحت 280 گڈز ایویلیوٹرز کی بھرتی بھی مکمل کرلی گئی ہے، جن کی تربیت اکتوبر اور نومبر 2026 میں ہوگی۔وزیرِ اعظم نے کسٹمز انفورسمنٹ کے نئے نظام کو سراہتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محصولات کی چوری روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، ٹیکس ادا کرنے والے کاروباری ادارے قابلِ احترام ہیں، جبکہ ٹیکس چوری کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، مصدق ملک، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ اور شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، ارکانِ قومی اسمبلی عثمان اویسی اور رانا ارادت شریف خان سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button