فیلڈ مارشل کی سعودی وزیرِ دفاع سے ملاقات، دفاعی تعاون جاری رکھنے کا عزم

ریاض(آصف اقبال:اردو ٹائمز یو ایس اے) چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل ممالک کے چیفس آف اسٹاف کے حالیہ اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر بھی گفتگو کی۔سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق فریقین نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت ایسے حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں سعودی وزیرِ مملکت، رکن مجلسِ وزرا اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی اور وزیرِ دفاع کے انٹیلی جنس امور کے مشیر ہشام بن عبدالعزیز بن سیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ملاقات کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے دائرہ کار میں تعاون اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے ان حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔



