ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کی نئی سفیر نامزد کردیا، منظوری کے لیے نام سینیٹ کو ارسال

واشنگٹن ( اردو ٹائم یو ایس اے ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کو امریکا کا نیا سفیر نامزد کردیا ہے۔ ان کی نامزدگی حتمی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکا کی سفیر مقرر کرنے کی نامزدگی کی ہے، جس کی توثیق اب امریکی سینیٹ کرے گی نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ اس وقت بھی پاکستان میں امریکی سفارتی مشن کی سربراہی کر رہی ہیں
نیٹلی بیکر اس سے قبل قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن کے عہدے پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کیا۔ وہ امریکی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی گریجویٹ بھی ہیں دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینیگال اور ایان میک کیری کو مالی میں امریکا کا سفیر نامزد کیا ہے نیٹلی بیکر کی نامزدگی کی سینیٹ سے منظوری کے بعد وہ پاکستان میں باضابطہ طور پر امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں گی۔








