سموگ کے خاتمے کے لئے مریم نواز حکومت کے اقدامات درست سمت میں ہیں : اسپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور ( آصف اقبال ) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ماحولیاتی تحفظ اور سموگ کے خاتمے کے لیے اقدامات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم سموگ کے مستقل تدارک کے لیے طویل المدتی حکمت عملی اور مسلسل اقدامات ناگزیر ہیں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے دسویں پاکستان انڈسٹریل ایکسپو کا افتتاح کیا اور نمائش میں قائم ملکی و غیر ملکی اسٹالز کا دورہ کیا۔ انہوں نے چینی کمپنیوں کی جدید مشینری، صنعتی مصنوعات اور ٹیکنالوجی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے صنعتی شعبے میں تبدیلی ماحولیاتی آلودگی اور جبری مشقت کے خاتمے میں اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔ بھٹہ انڈسٹری میں جدید مشینری کا استعمال ماحولیاتی تحفظ اور انسانی حقوق کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں مصنوعی ذہانت (AI)، لیزر کٹنگ مشینری، زراعت اور طبی شعبے میں جدید تحقیق و جدت کے منصوبے دیکھنے کو ملے۔ پاکستانی اور چینی صنعتی تعاون دونوں ممالک کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، جبکہ نوجوانوں، صنعت کاروں اور کاروباری طبقے کی دلچسپی خوش آئند ہے دہشت گردی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اسپیکر نے کہا کہ دہشت گردی کے ماحول میں نہ سرمایہ کاری ممکن ہے اور نہ ہی معاشی ترقی ہو سکتی ہے۔ دہشت گردی کا ایک واقعہ کاروباری ماحول، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور اسٹاک مارکیٹ کو متاثر کر سکتا ہے۔ مشکل حالات کے باوجود پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکی و غیر ملکی صنعت کار قومی ہیرو ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کوئی سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ سنگین جرم ہے، اس کے خاتمے کے لیے ریاست کو واضح پالیسی اور مضبوط عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔ حکومت، مسلح افواج اور عوام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جمہوریت مکالمے کا نام ہے اور ایسے معاملات پر کھلی بحث ہونی چاہیے۔ آئین میں پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں کے اختیارات واضح ہیں، تاہم عوامی رائے اور منتخب ایوانوں کے کردار کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور بھارت کے ساتھ معمول کے تعلقات کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، بات چیت اور معاشی تعاون خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، تاہم قومی خودمختاری، برابری اور باہمی احترام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے پارلیمان کے مؤثر کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے کے استعمال کا اصل معیار ترقیاتی منصوبوں کی عمارتیں نہیں بلکہ ان سے حاصل ہونے والے نتائج اور عوام کو پہنچنے والا حقیقی فائدہ ہونا چاہیے۔ اسمبلیوں کی بنیادی ذمہ داری آئین کی پاسداری، قومی معیشت کی بہتری اور عوامی وسائل کے استعمال کا مؤثر احتساب ہے۔








